صحت کا قلمدان واپس لینے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر

   

عوامی خدمات جاری رکھنے کا عزم ، غور و خوض کے بعد مستقبل کی حکمت عملی کو قطعیت : ایٹالہ
حیدرآباد :۔ ایٹالہ راجندر نے ان سے وزارت صحت کا قلمدان واپس لے لینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام بہتر سے بہتر طبی سہولتیں میسر ہوں ۔ ایک منظم سازش کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی گئی وہ بغیر کسی وزارت کے بھی عوامی خدمات انجام دیتے رہیں گے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ اراضی پر قبصہ کرنے کا ان پر جو الزام عائد کیا گیا ہے ۔ اس کی حقائق بہت جلد عوام کے سامنے آئے گی ۔ وہ اپنے حلقہ اسمبلی کے عوام سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے ۔ ایٹالہ راجندر نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی 25 سالہ سیاسی زندگی میں انہیں ایسے حالت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ان کی سیاسی زندگی کو نقصان پہونچانے کے لیے منظم سازش کے تحت ان پر اراضی قبضہ کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تمام قائدین انتخابی سرگرمیوں میں مصروف تھے لیکن وہ کورونا کو کنٹرول کرنے دن رات کام کررہے تھے ۔ دل میں کچھ رکھتے ہوئے سازشی کہانیوں کے ذریعہ میرے کردار کو داغدار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ میرے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے جس کو عوام محسوس کررہے ہیں ۔ ان کا 25 سالہ سیاسی کیرئیر پاک صاف ہے ۔ انہوں نے آج تک کسی کے خلاف بھی کوئی شخص ریمارکس نہیں کیا ۔ میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کیا چیف منسٹر کے سی آر سے بات چیت کی جائے گی ۔ ایٹالہ راجندر نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے کوئی بات کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی کسی سے ملاقات کریں گے ۔ ان کے لیے ان کے اسمبلی حلقہ کے عوام ہی سب کچھ ہے ۔ وہ صرف اپنے حامیوں سے گفتگو کریں گے ۔ ان کا وزارتی قلمدان چھین لینے کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ اس معاملے میں چیف منسٹر کو مکمل اختیار ہے ۔ وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔ وزارتی قلمدان سے علحدہ کرنے پر وہ چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں وہ بغیر وزارت کے عوام کی خدمات کریں گے ۔