صحت کے بارے میں شعور بیداری ، چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ تلنگانہ کو صحت کے شعبہ میں ملک کیلئے رول ماڈل بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کریں۔ چیف سکریٹری نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ نیشنل فیملی ہیلت سروے کے مطابق تلنگانہ میں صحت کی خدمات میں بہتری کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں بہتر صحت کی نگہداشت بالخصوص حاملہ خواتین اور ماؤں کے بروقت چیک اپ ، بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹہ میں ماں کے دودھ اور ماؤں اور بچوں کو تغذیہ بخش غذاؤں کے بارے میں شعور بیداری کی مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سروے رپورٹ کے مطابق مختلف شعبہ جات میں صحت کی خدمات بہتر بنانے کے اقدامات کریں۔ اجلاس میں سکریٹری صحت ایس ایم رضوی ، کمشنر ہیلت وی کرونا ، سکریٹری بہبودیٔ خواتین و اطفال شریمتی ڈی دیویا ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی ، ڈائرکٹر آئی پی ایم ڈاکٹر کے شنکر ، ڈاکٹر ٹی گنگا دھر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔
