نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے ملک بھر کے تمام طبی نگہداشت کے مراکز میں آگ سے حفاظت کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملازمین کو آتشزدگی کے حادثات کے تئیں حساس ہونا چاہئے ۔ وزارت صحت نے آگ لگنے کے کسی بھی حادثے سے نمٹنے کے لیے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں عملہ کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا ہے ۔ اس کے لیے صحت کے تمام اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ضروری آلات نصب کریں اور عملہ کو انہیں استعمال کرنے کی تربیت دیں۔ اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی ورکشاپس سے وابستہ سینئر اہلکار نے جمعہ کے روز یہاں بتایا کہ تمام سرکاری اور خانگی طبی مراکز پر عملہ کے لیے تربیتی کیمپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا نے آگ کے حادثات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدام کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی شعبے کے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والے اداروں میں ہر سطح پر کام کرنے والے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت ہے۔
