صدائے امت کانفرنس کے انعقاد کی اجازت نہیں

   

مسلم شبان کی درخواست مسترد : جوائنٹ کمشنر پولیس پی وشوا پرساد کے احکام
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پولیس نے تحریک مسلم شبان کی صدائے امت کانفرنس کی اجازت سے انکار کردیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر پولیس پی وشوا پرساد نے احکامات جاری کرکے تحریک مسلم شبان کے ذمہ داروں کو اس کی اطلاع دی۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر تحریک ایم اے غفار نے20 اکٹوبر کو نمائش میدان پر جلسہ عام کی اجازت کیلئے درخواست داخل کی۔ جلسہ کے ایجنڈہ میں این آر سی، ہجومی تشدد و دیگر موضوعات شامل ہیں۔ جوائنٹ کمشنر نے کہا کہ جلسہ عام میں موضوع بحث بنائے جانے والے مسائل حساس ہیں اور ان کا شہر سے کوئی تعلق نہیں ۔ اگر جلسہ کی اجازت دی گئی تو فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوگی اور امن و ضبط کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ لہذا فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و ضبط کی برقراری کیلئے پولیس نے جلسہ کی اجازت سے متعلق درخواست کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احکامات کی نقل انسپکٹر بیگم بازار، اے سی پی عابڈز اور دیگر عہدیداروں کو روانہ کردی گئی۔ اجازت سے انکار پر مسلم شبان کے صدر مشتاق ملک نے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور کمشنر پولیس انجنی کمار سے بات کی اور نمائش میدان کے بجائے کسی متبادل مقام پر اجلاس کی اجازت دینے کی خواہش کی کیونکہ تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور جمعہ سے مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا۔ وزیر داخلہ نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں وہ پولیس عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔