صدارتی انتخابات سے قبل ہی ٹرمپ جیل جا سکتے ہیں : وارین

   

واشنگٹن، 11فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی رکن پارلیمان سین الیزبیتھ وارین کا خیال ہیکہ امریکہ کے صدر اپنی موجودہ میعاد مکمل کرنے اور 2020کے صدارتی انتخابات سے پہلے ہی جیل جاسکتے ہیں۔ سینیٹر 69سالہ وارین نے گزشتہ ہفتہ ہی آئندہ صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔سی این این براڈکاسٹ کے مطابق اتوار کو وارین نے امریکی صوبہ لووا میں عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت ہم 2020میں داخل ہوں گے ۔ٹرمپ صدر کے عہدہ پر نہیں رہینگے ۔ ہوسکتا ہیکہ وہ اس وقت تک جیل میں ہوں۔ وارین نے کہاکہ مسٹر ٹرمپ کے ‘نسل پرستانہ’ اور ‘نفر ت آمیز’ ٹوئٹ سے گمراہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہر روز ایک نسل پرستانہ اور نفرت پھیلانے والا ٹوئٹ کیا جاتا ہے جو نہایت بھدا اور بدنما ہوتا ہے ۔ امیدوار، کارکن اور میڈیا کے طورپر ہم کیا کریں؟ ہم تقسیم کرنے والوں کو ایسانہیں کرنے دینگے ۔خیال رہیکہ ٹرمپ اور وارین کے تعلقات طویل عرصہ سے کشیدہ رہے ہیں۔ امریکہ میں نومبر 2020میں صدارتی انتخابات ہونے کی امید ہے ۔ ٹرمپ پھر سے صدر منتخب کئے جانے کیلئے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔