نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے صدارتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اگلے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 18 جولائی کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔ موجودہ صدر رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن صدارتی انتخاب کے لیے خصوصی سیاہی والا قلم فراہم کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے لیے ارکان پارلیمنٹ کو 1،2،3 لکھ کر اپنی پسند بتانی ہوگی ۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان کے صدر کا عہدہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا عہدہ ہے۔ میں ہندوستان کے 16ویں صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں۔ صدر جمہوریہ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے، 25 جولائی کو نئے صدر کو حلف اٹھانا ہے ۔