لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان ہم سب ترکیہ کے صدر کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ترکیہ کے صدر کی علالت کے بارے میں علم ہوا۔ہم سب ان کی صحت کیلئے دعاگو اور ربّ العزت سے ان کی جلد شفایابی کیلئے خواستگار ہیں۔ وہ عالمی منظرنامے پر اہلِ اسلام کے حق میں اور اسلاموفوبیا کیخلاف گونجنے والی نمایاں ترین آوازوں میں سے ایک ہیں۔واضح رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے ڈاکٹرز کی ہدایات پر آج انتخابی مہم منسوخ کر دی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق رجب طیب اردغان نے پیٹ میں تکلیف کی شکایت پر آج انتخابی مہم میں شرکت منسوخ کی۔ اس سے قبل ترکیہ میں ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران صدر رجب طیب اردغان پیٹ میں شدید تکلیف ہونے پر انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ترک صدر کی طبیعت ناساز ہونے پر چینل کو انٹرویو روکنا پڑا، 15 منٹ بعد جب صدر واپس آئے تو انہوں نے ناظرین سے معذرت کی اور سوالات کے جواب دیے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان کی صحت یابی پر اطمینان اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔