صدرجمہوریہ انڈین نیول ایوی ایشن کو پرچم پیش کریں گے

   

نئی دہلی : صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند گوا میں آئی این ایس ہنس پرایک رسمی پریڈ میں 6 ستمبر کو ہندوستانی نیول ایوی ایشن کو ’صدر کا پرچم ‘پیش کریں گے ۔ اس موقع پرمحکمہ ڈاک ‘ اسپیشل ڈے کور’ بھی جاری کرے گا۔ تقریب میں گوا کے گورنر ، وزیر دفاع ، وزیر اعلیٰ گوا ، بحریہ کے سربراہ ، فوجی اور انتظامی حکام کے ساتھ ساتھ کئی معززین کی شرکت متوقع ہے ۔ ملک کی بے مثال خدمات کے لئے کسی بھی فوجی یونٹ کوفراہم کئے جانے والا ‘ صدر کا پرچم ’ اعلیٰ ترین اعزاز ہوتا ہے ۔ہندوستانی مسلح افواج میں ہندوستانی بحریہ کو یہ اعزاز سب سے پہلے اس وقت کے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے 27 مئی 1951 کو دیا تھا۔ اس کے بعد ‘ صدر کا پرچم ’ ہندوستانی بحریہ کی سدرن کمانڈ ، ایسٹرن کمانڈ ، ویسٹرن کمانڈ ، ایسٹرن بیڑے ، ویسٹرن بیڑے ، سب میرین اکائی ، آئی این ایس شیواجی اور بحریہ کی انڈین نیول اکیڈمی کوبھی فراہم کیا گیا تھا ۔انڈین نیول ایوی ایشن 13 جنوری 1951 کو پہلے سی لینڈ ہوائی جہاز خریدے جانے اور 11 مئی 1953 کو پہلے نیول ایئر اسٹیشن کے آئی این ایس گروڈ کی نقاب کشائی کے بعد وجود میں آئی تھی ۔ 1958 میں مسلح فائر فلائی ہوائی جہازوں کی آمد سے بحریہ کی طاقت میں اضافہ ہوا۔