نئی دہلی، یکم مارچ (یو این آئی) مرکزی حکومت کی ‘ون نیشن، ون کارڈ’ پہل سے متاثر ہوکر ریکھا گپتا کی قیادت والی دہلی حکومت دارالحکومت کی خواتین باشندوں کے لیے نیشنل کامن موبیلیٹی کارڈ (این سی ایم سی) متعارف کرانے جا رہی ہے ۔ پیر کے روز صدر جمہوریہ ہند دروپدی مورمو اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے خصوصی اور شاندار پروگرام ‘سشکت ناری، سمردھ دہلی’ میں باضابطہ طور پر ‘پنک کارڈ’ اسکیم کا افتتاح کریں گی۔ اس موقع پر منتخب مستحق خواتین کو رسمی طور پر پنک این سی ایم سی کارڈ پیش کیے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ یہ کارڈ دہلی کی خواتین باشندوں کو ڈی ٹی سی کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ایک ہی اسمارٹ کارڈ کے ذریعے میٹرو، ریجنل ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) اور دیگر عوامی ٹرانسپورٹ خدمات میں بآسانی ادائیگی کی جاسکے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام عوامی نقل و حمل کو زیادہ قابلِ رسائی، محفوظ اور ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس سے روزمرہ سفر کے اخراجات میں کمی آئے گی اور تعلیم، روزگار، صحت اور سماجی مواقع تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت تین اقسام کے این سی ایم سی کارڈ جاری کیے جائیں گے ۔ پنک کارڈ دہلی کی مستحق خواتین کے لیے ، بلیو کارڈ عام مسافروں کے لیے اور اورنج کارڈ ماہانہ پاس استعمال کرنے والوں کے لیے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں پنک اور بلیو کارڈ جاری کیے جائیں گے جبکہ بعد میں اورنج کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ٹی سی نے ہنڈن مرکنٹائل لمیٹیڈ (موفن پے ) اور ایئر ٹیل پے منٹ بینک لمیٹیڈ کو کارڈ جاری کرنے کی اجازت دی ہے ۔ یہ کارڈ دہلی کے عوامی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں پہلے سے فعال آٹومیٹک فیئر کلیکشن سسٹم (اے ایف سی ایس) کے ساتھ مربوط ہوں گے ۔