نینی تال۔ یکم؍ نومبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے دو روزہ نینی تال دورے کے لیے ضلع اور پولیس انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ان کے استقبال، سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کے لیے تمام محکمے پوری طرح چاق وچوبند ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ للت موہن ریال نے بتایا کہ صدر جمہوریہ 3 نومبر کو ہلدوانی کے آرمی ہیلی پیڈ پر پہنچیں گی، جہاں ان کا رسمی استقبال کیا جائے گا۔ بعد ازاں وہ سڑک کے راستے نینی تال راج بھون روانہ ہوں گی اور وہیں قیام کریں گی۔ اگلے روز 4 نومبر کو وہ کینچی دھام مندر میں بابا نیم کرولی مہاراج کے درشن کریں گی، اس کے بعد کماؤں یونیورسٹی میں تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کر کے طلبہ کو اسناد عطا کریں گی۔ انتظامیہ نے اس دورے کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکموں کو مخصوص ذمہ داریاں دی ہیں۔ پانی، بجلی، صفائی، سڑکوں، صحت، خوراک اور مواصلات سے متعلق اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ صدر جمہوریہ کے قیام کے دوران کسی بھی قسم کا خلل یا کمی نہ رہ جائے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ صدر جمہوریہ کا یہ دورہ اترکھنڈ کے لیے فخر کا موقع ہے اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ان کا یہ دورہ محفوظ، منظم اور تاریخی نوعیت کا ہو۔