صدرجمہوریہ کا 28 ستمبر کو ایک روزہ دورہ حیدرآباد

   

چیف سکریٹری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا
حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو 28 ستمبر کو ایک روزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچ رہی ہیں۔ صدرجمہوریہ کے دورہ کے پیش نظر چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرکے انتظامات کو قطعیت دی۔ صدرجمہوریہ مرمو 28 ستمبر کو صبح نلسر یونیورسٹی آف لا کی گریجویشن تقریب میں شرکت کریں گی۔ شام میں راشٹرپتی نیلائم میں ہونے والے بھارتیہ کلامہوتسوم میں بھی شرکت کریں گی۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صدرجمہوریہ کی آمد کے پیش نظر تمام محکمہ جات کے درمیان مکمل تال میل کو یقینی بناکر انتظامات کو مقررہ وقت سے پہلے تکمیل کرلیں۔ چیف سکریٹری نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ بلیو بک کے مطابق سیکوریٹی کے خاطرخواہ انتظامات کریں۔ لا اینڈ آرڈر اور ٹریفک کے ساتھ سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کریں۔ ایرپورٹ، راشٹرپتی نیلائم اور جن مقامات پر پروگرامس ہورہے ہیں، وہاں فائر انجن کی سہولت دستیاب رکھنے پر زور دیا۔ صدرجمہوریہ دفتر کیلئے ضروریات کے مطابق معاون عملہ کے ساتھ خاتون ڈاکٹرس کی خدمات بھی دستیاب کرانے جن راستوں سے صدرجمہوریہ گزریں گی ان کی سڑکوں کی مرمت کی کنٹونمنٹ بورڈ اور جی ایچ ایم سی محکمہ عمارت و شوارع کو ہدایت دی۔ اجلاس میں ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر، محکمہ داخلہ کے سکریٹری روی گپتا، ڈی جی فائر سرویس ناگی ریڈی، گورنر کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔2