نئی دہلی، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بابائے آئین ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امیت شاہ، بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی سمیت کئی معزز لوگوں نے بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر کووند نے آج یہاں باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پارلیمنٹ ہاؤس کے کیمپس میں واقع مجسمہ پرگلہائے عقیدت پیش کئے ۔صدر نے ٹویٹر پر لکھا‘‘ڈاکٹر بی آر امبیڈکرملک کی شناخت اورآئین ساز تھے . وہ ذات پات اور دیگر روایات سے آزاد ہندستان کی تعمیر کے لئے زندگی بھر جدوجہد کرتے رہے . وہ ایک ایسا سماج چاہتے تھے جہاں خواتین اور کمزور طبقوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں’’۔
