حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) صدرنشین آندھرا پردیش وقف بورڈ جناب شیخ عبدالعزیز نے آج حج ہاوز پہنچ کر صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکیٹو آفیسر آندھرا پردیش وقف بورڈ شیخ محمد علی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں صدورنشین نے ریاست کی تقسیم کے بعد اوقافی جائیدادوں کی تقسیم کے مسئلہ پر جلد ہی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ریاستوں کے وقف بورڈز کے عہدیداروں کا رمضان المبارک کے بعد اجلاس منعقد ہوگا جس میں اوقافی جائیدادوں اور ان کی آمدنی کی تقسیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش کی جانب سے تقریباً 58 ہزار کروڑ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش کی اوقافی جائیدادوں کی یہ آمدنی تلنگانہ میں خرچ کی گئی تھی۔1