جنرل سکریٹری عظمیٰ شاکر کی گرفتاری پر رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے پولیس راجندر نگر کی جانب سے پردیش کانگریس کی جنرل سکریٹری عظمیٰ شاکر کی گرفتاری کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عظمیٰ شاکر نے آج پارٹی کے دیگر قائدین ایس کے افضل الدین ، سلطان مرزا نقشبندی اور دوسروں کے ہمراہ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین سے ملاقات کی اور یادداشت حوالہ کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس راجندر نگر نے انہیں غیر ضروری طور پر گرفتار کیا جبکہ وہ اندرا پارک پر جمہوری انداز میں کشمیر کے مسئلہ پر احتجاج کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 29 اگست کو دھرنا کے لئے درخواست داخل کی گئی جس میں 31 اگست کو اندرا پارک پر دھرنا کی اطلاع دی گئی تھی ۔ پولیس نے ابتداء میں اجازت دینے کا تیقن دیا ۔ تاہم 31 اگست کو ایس بی کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی اور لمحہ آخر میں ڈی سی پی سنٹرل زون نے اجازت منسوخ کردی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے انہیں قیامگاہ سے حراست میں لیا اور وہ گرفتاری کی وجوہات بیان کرنے کے موقف میں نہیں تھے۔ عظمیٰ شاکر نے کہا کہ ان کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ پولیس اسٹیشن میں ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا گیا اور سیکشن 151 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ۔ انہوں نے صدرنشین اقلیتی کمیشن سے درخواست کی کہ پولیس کو تحقیقات کی ہدایت دیں اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔