حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے ممبئی میں صدرنشین مہاراشٹرا اقلیتی کمیشن حاجی عرفات شیخ اور نائب صدرنشین کمیشن سالوے سے ملاقات کی اور تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ انہوں نے مہاراشٹرا کمیشن کو دورہ حیدرآباد کی دعوت دی تاکہ کارکردگی کا جائزہ لے سکے۔ ملاقات کے دوران مہاراشٹرا کے عہدیداروں نے کمیشن کی جانب سے 730 مقدمات میں 600 مقدمات کی یکسوئی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی کارکردگی کی ستائش کی جارہی ہے۔ محمد قمرالدین نے اقلیتوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت کی خصوصی دلچسپی کا ذکر کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتی بہبود کیلئے 2000 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ محمد قمرالدین نے مہاراشٹرا کے وزیر اقلیتی امور ونود تاؤڑے سے ملاقات کی اور اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ممبئی اقلیتی کمیشن کے عہدیداروں نے دورہ حیدرآباد کی دعوت قبول کرلی۔