صدرنشین اے پی کونسل پر ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشا کی تنقید

   

تمام علاقوں کی ترقی جگن کا مقصد، چندرا بابو نائیڈو کا احمد شریف پر دبائو
حیدرآباد۔24 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشا نے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ریاست کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے حق میں ہیں اسی لیے انہوں نے ڈی سنٹرلائزیشن غیر مرکوز بل پیش کیا لیکن تلگودیشم ارکان نے قانون ساز کونسل میں بل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کردی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم ارکان کو آندھراپردیش کے تمام علاقوں کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے صدرنشین جنہیں غیر جانبدار ہونا چاہئے وہ جان بوجھ کر بل کے خلاف کام کیا اور اسے سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کردیا۔ امجد باشاہ نے کہا کہ کونسل کے صدرنشین احمد شریف کو رول 154 کے تحت بل کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ اپوزیشن نے حکومت کے دونوں بلوں کو منظوری سے روکنے کی سازش تیار کی۔ کونسل میں مباحث کے دوران اپوزیشن نے سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کا مطالبہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن چندرا بابو نائیڈو نے کونسل کے صدرنشین پر دبائو ڈالا کہ وہ قواعد کے خلاف کام کریں۔ نارا لوکیش نے مباحث کے دوران سیل فون سے ویڈیو گرافی اور تشہیر کشی کے ذریعہ قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے نائیڈو پر سخت تنقید کی اور کہا کہ انہیں مسلمانوں کے بارے میں اظہار خیال کا کوئی حق حاصل نہیں کیوں کہ پانچ برسوں کے دوران انہوں نے مسلمانوں کی بھلائی کو نظرانداز کردیا تھا۔ جگن موہن ریڈی حکومت نے حقیقی معنوں میں مسلمانوں کی بھلائی کا کام کیا اور غریب مسلمانوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔ امجد باشا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور ان کے ساتھیوں نے صرف تین مواضعات کی ترقی پر توجہ مرکوز کی اور ریاست کے دیگر علاقوں کو فراموش کردیا۔ اسی دوران رکن اسمبلی حفیظ خان نے الزام عائد کیا کہ نائیڈو نے 2014ء انتخابات میں کرنول کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کرنول میں ایمس کے قیام ٹیکسٹائل پارک کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں کی یکساں ترقی سے متعلق قانون کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرنا افسوسناک ہے۔