ٹی آر ایس امیدوار کا منتخب ہونا یقینی
نارائن پیٹ ۔ 26 ؍ جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ مجلس بلدیہ کی نو منتخبہ 24 رکنی بلدی کونسل میں 27 ؍ جنوری کو صدرنشین کا انتخاب عمل میں آئیگا ۔ بلدیہ کے نو منتخب ارکان میں ٹی آر ایس کے 10 بی جے پی کے 9 ‘ دو کانگریس ‘ اور دو آزاد امیدوار کے علاوہ ایک مجلس کارکن شامل ہے ۔ اس اجلاس میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ کی شرکت متوقع ہے ۔ اور وہ صدرنشین کے انتخاب کے لئے اپنے حق رائے دہی یعنی ایک ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ ایک آزاد ‘ امیدوار نے کل ہی اپنے انتخاب کے فوری بعد رکن اسمبلی کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔ اس طرح صدرنشین بلدیہ نارائن پیٹ کی حیثیت سے ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی ہے ۔ ایک مجلس کے رکن کی تائید بھی ٹی آر ایس کو حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ نارائن پیٹ اور مکتھل ہمیشہ بی جے پی مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے ۔ اور گذشتہ بلدی انتخابات میں صدرنشین بلدیہ کا عہدہ بی جے پی کو ہی حاصل تھا ۔ لیکن صدرنشین بلدیہ شریمتی انسویا چندرکانت کے بی جے پی کو خیر باد کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہوگئی تھیں ۔ ایک عرصہ کے بعد صدرنشین بلدیہ کا عہدہ غیر بی جے پی پارٹی کو حاصل ہوا ۔ اس سلسلے میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی کی کامیاب حکمت عملی کا کافی دخل ہے ۔