حیدرآباد ۔21۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا کام جاری ہے اور کئی اہم شخصیتوں نے مردم شماری مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنی تفصیلات درج کرائی ہے۔ تلنگانہ کے کئی ریاستی وزراء نے شمار کنندگان کی موجودگی میں پروفارما کو فلپ کیا۔ گورنر جشنو دیو ورما نے بھی راج بھون میں اپنی تفصیلات عہدیداروں کو درج کرائی۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج اپنے آبائی گاؤں اورو مڈا ، چٹیال منڈل میں مردم شماری میں حصہ لیا۔ عہدیداروں نے صدرنشین قانون ساز کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے مردم شماری کے فارم کی خانہ پری کی ۔ صدرنشین کونسل نے عہدیداروں کی مساعی کو سراہا اور کہا کہ عوام کو شمارکنندگان سے مکمل تعاون کرنا چاہئے ۔ سکھیندر ریڈی نے تلنگانہ میں مردم شماری کو ملک کے لئے مثالی قرار دیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے فلاحی اسکیمات میں پسماندہ طبقات کو آبادی کے اعتبار سے حصہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں مردم شماری کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقتدار کے پہلے سال ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کرتے ہوئے ملک کیلئے ایک مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی بھلائی اور سماجی انصاف میں مردم شماری اہم رول ادا کرے گی۔ صدرنشین کونسل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے بارے میں اندیشوں کا شکار ہوئے بغیر عہدیداروں سے تعاون کریں۔ اس موقع پر مدر ڈائری کے سابق صدرنشین جی جتیندر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ 1