وقف بورڈ اور حج کمیٹی ذمہ داروں سے ملاقات، محمد سلیم نے اقلیتی بہبود اسکیمات سے واقف کرایا
حیدرآباد ۔ 10۔جون (سیاست نیوز) صدرنشین مہاراشٹرا حج کمیٹی جمال صدیقی اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر امتیاز قاضی نے مہاراشٹرا حج کمیٹی کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ آج تلنگانہ حج کمیٹی اور تلنگانہ وقف بورڈ کا دورہ کرتے ہوئے ان اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وقف بورڈ میں صدرنشین محمد سلیم نے جمال صدیقی اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود کیلئے شروع کردہ اسکیمات کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں اقلیتی بہبود کیلئے منفرد اسکیمات چلائی جارہی ہیں۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے شادی مبارک اسکیم پر موثر انداز میں عمل کیا جارہا ہے۔ بیرونی ممالک میں اقلیتی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے اوورسیز اسکالرشپ کا انتظام ہے۔ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی دور کرنے کیلئے 300 سے زائد اقامتی اسکول قائم کئے گئے ۔ انہوں نے کے سی آر کو سیکولر چیف منسٹر قرار دیا اور کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور تمام طبقات کی ترقی ان کا مقصد ہے ۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا اور جائیدادوں کی تفصیلات بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ جائیدادوں کے تحفظ کے لئے ٹاسک فورس ٹیم تشکیل دی گئی اور عدالتوں میں مقدمات کی موثر پیروی کیلئے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ محمد سلیم نے صدرنشین مہاراشٹرا حج کمیٹی کی شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی ۔ مہاراشٹرا کے وفد نے تلنگانہ حج کمیٹی میں صدرنشین مسیح اللہ خاں ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے وحید ریٹائرڈ آئی ایف ایس اور کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور حج کیمپ کے انتظامات پر بات چیت کی ۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ناندیڑ اور لاتورکے 168 عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ صدرنشین اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے حج کیمپ ، ایرپورٹ انتظامات اور دیگر سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا ۔ ایم اے وحید نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ حج کمیٹی کی خدمات کی تفصیلات بیان کی۔ مہاراشٹرا کے صدرنشین اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر مہمان صدرنشین کو چارمینار کا مومنٹو پیش کیا گیا ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ارکان محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ ، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، محمد شفیع الدین ، عارف محمد اور ابوبکر امجد کے علاوہ وقف بورڈ کے اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔