صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے عیدگاہوں کے انتظامات کا جائزہ لیا

   

بارش کے امکانات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کی ہدایت
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے آج شہر کی مختلف عیدگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے ارکان اسمبلی کوثر محی الدین اور جعفر حسین معراج کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہوں کا معائنہ کیا اور انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے جی ایچ ایم سی، وقف بورڈ، پولیس واٹر ورکس، برقی، ٹریفک پولیس اور دیگر محکمہ جات کو عیدگاہوں اور اُس کے اطراف مؤثر انتظامات کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عیدگاہ میرعالم، عیدگاہ مادنا پیٹ، عیدگاہ گنبدان قطب شاہی کا دورہ کیا۔ اِن تینوں عیدگاہوں میں عیدالاضحی کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید جمع ہوتے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ انچارج ایکزیکٹیو آفیسر لیاقت حسین اور وقف بورڈ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عظمت اللہ حسینی نے کہاکہ ہر سال کی طرح تمام عیدگاہوں میں صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بارش کے امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کی ہدایت دی گئی۔ 1