مجاہدین آزادی کی خدمات کو خراج، حکومت اقلیتی بہبود کی پابند
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج ہاوز کی عمارت میں موجود اقلیتی اداروں کی جانب سے آج یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کا اہتمام کیا گیا۔ تلنگانہ وقف بورڈ، اقلیتی فینانس کارپوریشن، حج کمیٹی اور اردو اکیڈیمی کی جانب سے جشن آزادی کا اہتمام کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف بورڈ کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف ایکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس )، شریمتی اے ایچ این کانتی ویسلی نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جدوجہد آزادی میں بلالحاظ مذہب و ملت عوام نے انگریزی سامراج کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ طویل جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں ملک کو آزادی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال گذرنے کے باوجود مجاہدین آزادی کے کارنامے اور ان کی خدمات آج بھی ہر ہندوستانی کے دلوں پر نقش ہیں اور ہر کوئی ان کا احترام کرتا ہے۔ محمد سلیم نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ فرقہ واریت اور نفرت کے بجائے بھائی چارہ اور محبت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک اور ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ ترقی اور فلاحی کاموں کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے چیف منسٹر کی مساعی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
