مرمتی کاموں کا جائزہ، رمضان المبارک سے قبل تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 26۔ مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری اور تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ڈپٹی ڈائرکٹر نارائنا، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی ، کنٹراکٹر اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ محمد سلیم نے آصف جاہی سلاطین کے مقبرہ کے علاوہ مسجد کے اندرونی حصہ کا معائنہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے پیش نظر کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے مقبرہ کے معائنہ کے دوران نواب میر محبوب علی خاں مرحوم کی مزار پر فاتحہ خوانی کی۔ مقبرہ کی چھت اور دیواریں بری طرح متاثر ہوچکی تھیں اور بارش کی صورت میں پانی اندرونی حصہ میں اتر رہا تھا ۔ چھت کے بوسیدہ ہونے سے مختلف حصوں میں چھت کا حصہ منہدم ہوچکا تھا ۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین نے مقبرہ کے کام کو تیزی سے مکمل کرلیا ہے۔ محمد سلیم نے کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مسجد کے اندرونی حصہ میں بھی جلد از جلد مرمتی کام کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل کام کی تکمیل کی صورت میں مصلیوں کو مشکلات سے بچایا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مکہ مسجد کی چھت کی مرمت کا کام پہلے مکمل کیا گیا تاکہ بارش کی صورت میں پانی اندرونی حصہ میں داخل نہ ہو۔ چھت کے بعد اندرونی حصہ میں کمانوں اور دیواروں کی تزئین نو کا کام جاری ہے ۔ عہدیداروں نے تیقن دیا کہ جلد سے جلد یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ مدرسۃ الحفاظ کی عمارت کے مرمتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کی مرمت کی تکمیل کے بعد دوبارہ مدرسہ کے احیاء کی تجویز ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ٹائلیٹس اور باتھ رومس کا معائینہ کرتے ہوئے صفائی اور بہتر نگہداشت کی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ مکہ مسجد کے پراجکٹ کیلئے حکومت نے 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں جن میں سے دو کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ۔ کام کی تکمیل کے ساتھ مزید رقم جاری کی جائیں گی ۔