صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے غریبوں میں راشن کٹس کی تقسیم

   

حیدرآباد ۔18۔ مئی(سیاست نیوز) حیدرآباد میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے عمل میں آئی ہے۔ محمد سلیم نے اپنے ذاتی خرچ سے تقریباً ایک ہزار غریب خاندانوں میں چاول اور آٹے پر مشتمل کٹ تقسیم کیا ۔ رسمی طور پر چند غریبوں میں محمد سلیم کے ہاتھوں کٹس کی تقسیم عمل میں آئی جبکہ باقی کٹس شہر کے مختلف غریب بستیوں میں روانہ کئے گئے ہیں۔ 10 کیلو چاول اور 5 کیلو گیہوں کا آٹا رمضان گفٹ کے طور پر دیا گیا۔ اس موقع پر محمد سلیم نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے غریب اور متوسط خاندان کافی پریشان ہے اور لاک ڈاون کے آغاز سے ہی وہ شہر کے مختلف علاقوں میں امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد محدود علاقوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں جبکہ ہم سارے گریٹر حیدرآباد میں تقسیم کا کام کر رہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے غریب خاندانوں کے لئے چاول اور نقد رقم تقسیم کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے دولتمند اور اہل خیر حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ نازک اور مشکل حالت میں غریبوں کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے دو کروڑ روپئے سے اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے تاہم حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔ منظوری کے ساتھ ہی وقف بورڈ کی جانب سے غریبوں میں اناج تقسیم کیا جائے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ سادگی سے عید منائیں۔ علماء و مشائخین کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے رمضان کی شاپنگ سے گریز کریں۔ انہوں نے غریبوں میں تقسیم کیلئے بعض این جی اوز اور صحافیوں کو کٹس حوالے کئے ۔