حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا آئی اے ایس سے ملاقات کی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ محمد سلیم نے تلنگانہ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل بالخصوص وقف بورڈ کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے وقف بورڈ کی جانب سے غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی اور عدالتوں میں زیردوران مقدمات کی موثر پیروی کی تفصیلات بیان کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے آئیمہ و موذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مطلقہ خواتین میں عدالت کی جانب سے طے شدہ گزارے کی رقم ادا کی جاتی ہے۔ محمد سلیم نے سکریٹری اقلیتی بہبود سے خواہش کی کہ بورڈ میں مخلوعہ ارکان کی تین نشستوں کو پر کرنے کے اقدامات کریں۔ رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی اور بار کونسل زمرے جات کی نشستیں مخلوعہ ہیں۔ انہیں پر کرنے کے لیے وقف بورڈ سے مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔