وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کلکٹرس اور پولیس کو ہدایات دینے کی درخواست
حیدرآباد۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ضلع کلکٹرس اور پولیس کو ہدایات جاری کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں بورڈ سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کلکٹرس، میونسپل کمشنرس اور پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی جائے کہ جہاں کہیں بھی غیر مجاز قبضے ہوں ان کی برخواستگی کے ذریعہ وقف بورڈ کی تحویل میں دیا جائے۔ محمد سلیم نے ریوینو ریکارڈ میں وقف ریکارڈ کو شامل کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ حکومت نے وقف جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن کو روکنے کیلئے جی او 15 جاری کیا ہے جس کے تحت اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ آٹو لاک میں رکھا ہے۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے خواہش کی کہ ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے وقف جائیدادوں کے بارے میں ہدایات دیں۔ چیف سکریٹری نے اس سلسلہ میں جلد اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے وقف ریکارڈ تمام ضلع کلکٹرس اور رجسٹریشن دفاتر کو روانہ کردیا گیا ہے اور غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کرانے کی مہم جاری ہے۔ وقف ریکارڈ کو ریوینو سے مطابقت پیدا کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔ محمد سلیم کے مطابق چیف سکریٹری کونسل کے انتخابات کے بعد وقف جائیدادوں پر اجلاس طلب کریں گے۔ چیف سکریٹری کو بتایا کہ اب تک 100 سے زائد غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کئے جاچکے ہیں۔