صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

اوقافی جائیدادوں کے تحفظ و اقلیتی بہبود پر بات چیت

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی اور اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کے ٹی آر کو اوقافی جائیدادوں کی ترقی اور تحفظ سے متعلق وقف بورڈ کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے ناجائز قبضوں کی برخاستگی کیلئے پولیس اور ریوینو ڈپارٹمنٹس کو تعاون کی ہدایت دینے کی اپیل کی اور کہا کہ دونوں محکمہ جات کے سنجیدہ اقدامات کے نتیجہ میں وقف بورڈ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی سے متعلق فیصلہ کے بعد وقف بورڈ نے 500 سے زائد غیر قانونی رجسٹریشن منسوخ کرائے ہیں۔ اس قانون سے غیر مجاز قابضین کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور وقف بورڈ کو جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملی۔ انہوں نے وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی اجرائی اور گرانٹ اِن ایڈ سے تعلیم اور طبی امداد کی تفصیلات پیش کی۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں حکومت سنجیدہ ہے اور دیگر طبقات کی طرح اقلیتوں کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ناجائز قبضوں کی برخاستگی کیلئے بورڈ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔