حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدہ پر محمد سلیم کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا ۔ جسٹس اودے اومیش للت اور جسٹس ایس رویندر بھٹ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ ایس ایل پی 9608 (2020) کی سماعت کی اور محمد سلیم کے تقرر کو جائز قرار دیتے ہوئے درخواست کو مسترد کردیا ۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل کی رکنیت کے اختتام کے باوجود صدرنشین وقف بورڈ کی حیثیت سے محمد سلیم کی برقراری کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ ہائی کورٹ کے سنگل جج اور پھر چیف جسٹس کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا کہ جس وقت صدرنشین کا تقرر کیا گیا ، وہ رکن قانون ساز کونسل تھے لہذا وقف بورڈ صدرنشین کی میعاد تک وہ عہدہ پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کئے جانے پر ڈیویژن بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کی تھی۔ محمد سلیم کی جانب سے سپریم کورٹ کے نامور وکیل اعجاز مقبول نے پیروی کی۔ر