کرایہ جات کی ادائیگی کی ہدایت، ناجائز قبضوں کی برخواستگی پرتوجہ
حیدرآباد۔10 ۔ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کریم نگر ضلع میں اوقافی جائیدادوں اور خاص طور پر مدینہ کامپلکس اور عبدالوہاب کامپلکس کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے دونوں کامپلکسوں کے تحت موجود ملگیات اور ان کے کرایہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کرایہ داروں کی جانب سے طویل عرصہ سے کرایہ کی عدم ادائیگی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے کرایہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکسوں کی تعمیر کا مقصد وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے اور یہ رقم مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاسکتی ہے ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ کمرشیل کامپلکسوں میں ملگیات کو سب لیز پر دیتے ہوئے بھاری کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ اصل کرایہ دار وقف بورڈ کو معمولی کرایہ ادا کرتے ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے کرایہ جات ادا نہیں کئے گئے ۔ موجودہ سب لیز ہولڈرس نے صدرنشین وقف بورڈ سے اپیل کی کہ انہیں کرایہ دار بنایا جائے اور وہ اضافی رقم ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ محمد سلیم نے وقف انسپکٹر اور دیگر عہدیداروں کو کامپلکسوں کی بہتر نگہداشت اور دیگر جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات کی ہدایت دی۔ محمد سلیم کے ہمراہ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی خواجہ معین الدین اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ R