اوقافی جائیدادوں کے تحفظ و ائمہ مؤذنین اعزازیہ پر نمائندگی
حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کو اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات ، جائیدادوں کی ترقی کے ذریعہ آمدنی میں اضافہ اور ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم پر عمل کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تائید سے کئی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں مقدمات کی مؤثر پیروی کے ذریعہ کئی قیمتی جائیدادوں کا تحفظ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور ترقی کیلئے تعاون جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر اور درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کی ترقی کے منصوبہ پر جلد عمل ہوگا ۔ انہوں نے ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی بروقت اجرائی کیلئے محکمہ فینانس کو بجٹ جاری کرنے ہدایت دینے کا تیقن دیا ۔ محمد سلیم نے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم کو گرین چیانل میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ ہر ماہ مقررہ وقت پر اعزازیہ جاری کیا جاسکے۔ر