صدرنشین پبلک سرویس کمیشن و تین ارکان کی میعاد مکمل

   

Ferty9 Clinic


نئے صدرنشین کیلئے سرگرمیوں کا آغاز، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار کے تقرر کا امکان
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اساتذہ اور دیگر محکمہ جات کی 50,000 جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے لیکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین اور تین ارکان کی میعاد ختم ہوچکی ہے ۔ تقررات کا عمل پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ انجام دیا جاتا ہے لیکن کمیشن کی عدم موجودگی میں حکومت کے لئے تقررات کا عمل دشوار کن ہوجائے گا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین اور تین ارکان نے 17 ڈسمبر 2014 ء کو ذمہ داری سنبھالی تھی اور ان کی 6 سالہ میعاد آئندہ تین دنوں یعنی 17 ڈسمبر کو ختم ہوجائے گی ۔ دستور کی دفعہ 316 کے تحت سبکدوش ہونے والے صدرنشین کو دوبارہ مقرر نہیں کیا جاسکتا جبکہ کسی رکن کو صدرنشین کے عہدہ پر ترقی دی جاسکتی ہے۔ صدرنشین اور تین ارکان کی میعاد کی تکمیل کے پس منظر میں اس عہدہ کے لئے مختلف گوشوں سے حکومت کے پاس سفارشات کا آغاز ہوچکا ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے چیف منسٹر اور ان کے فرزند کے ٹی آر کے پاس عہدہ کے خواہشمندوں کی قطار دیکھی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے نئے صدرنشین اور ارکان کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ حکومت کسی ریٹائرڈ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار کو آئندہ دو برسوں کے لئے صدرنشین کے عہدہ پر مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کے لئے سبکدوشی کی عمر 62 سال ہے یا پھر 6 سال کی میعاد کی تکمیل پر وہ لازمی طور پر سبکدوش ہوجائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 60 سال کی عمر میں سبکدوش ہونے والے کسی ریٹائرڈ سیول سرونٹ کو حکومت مقرر کرسکتی ہے۔ نئے صدرنشین اور ارکان کے تقرر کے سلسلہ میں مشاورت کی ضرورت ہے ، لہذا اس وقت تک کسی ریٹائرڈ عہدیدار کو ذمہ داری دی جاسکتی ہے ۔ کمیشن کے موجودہ صدرنشین جی چکراپانی اور تین ارکان سی وٹھل ، چندراوتی اور متین الدین قادری کی میعاد 17 ڈسمبر کو ختم ہورہی ہے جبکہ دو ارکان کمیشن میں باقی رہ جائیں گے۔ کرشنا ریڈی کی میعاد فروری تک ہے جبکہ پروفیسر سائیلو اکتوبر 2021 ء میں سبکدوش ہوں گے ۔ 11 رکنی کمیشن میں 5 ارکان سبکدوش ہوچکے ہیں جبکہ صدرنشین اور تین دیگر ارکان آئندہ تین دنوں میں سبکدوش ہوجائیں گے۔ باقی دو ارکان کے ساتھ حکومت کمیشن کو نہیں چلا سکتی۔ کمیشن کے کم از کم پانچ ارکان اور صدرنشین ہونے چاہئے اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ سے قبل حکومت کو کمیشن کے صدرنشین کا تقرر کرنا ہوگا۔