حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں کورونا کا دوسرا ٹیکہ لیا۔ دونوں کے گھر والوں نے بھی کورونا کی دوسری خوراک حاصل کی ہے۔ پہلی خوراک انہوں نے 3 مارچ کو حاصل کی تھی۔ اس موقع پر صدرنشین قانون ساز کونسل اور اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے بارے میں عوام کو سخت چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ حکومت کی تجویز کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو لازمی طور پر ماسک کا استعمال کرنا چاہئے ۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ کورونا ویکسین کے بارے میں عوام کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ویکسین حاصل کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویکسین کے حصول کے بعد ان میں کوئی منفی اثر نہیں دیکھا گیا۔ تلنگانہ حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ریاست میں دیگر ریاستوں کے مقابلہ کورونا کے کیسس کافی کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے باوجود عوام کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے ۔ اسپیکر اسمبلی نے ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور سینیٹائزر کے استعمال کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر نیمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منوہر اور سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو موجود تھے۔