صدرنشین کونسل کا انتخاب ‘ اعلامیہ جاری

   

آج پرچہ نامزدگیوں کا ادخال ، ضرورت پر کل رائے دہی
حیدرآباد ۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل صدرنشین کا انتخاب کرنے سکریٹری اسمبلی نرسمہاچاریلو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ 14 مارچ کو صبح 11 بجے صدرنشین کا انتخاب ہوگا۔ 13 مارچ کو 10:30 بجے دن تا شام 5 بجے پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی ۔ صدرنشین کونسل کا انتخاب بلا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ جی سکھیندر ریڈی کی کونسل میعاد ختم ہوجانے کے بعد حکومت نے بھوپال ریڈی کو عبوری صدرنشین نامزد کیا تھا۔ ان کی میعاد مکمل ہونے کے بعد مجلس کے رکن سید امین الحسن جعفری کو عبوری صدرنشین بنایا گیا۔ حالیہ میں مختلف زمروں سے ٹی آر ایس کے 19 ارکان منتخب ہوئے ۔ ان میں سابق صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی اور سابق اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کڈیم سری بھی منتخب ہوئے۔ پارٹی میں کئی قائدین دعویدار ہیں۔ تاہم ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر کے سی آر کے سکھیندر ریڈی کو دوبارہ صدرنشین بنانے کے حق میں ہے۔ سینئر رفقاء سے اس پر چیف منسٹر نے تبادلہ خیال کیا ہے۔ کڈیم سری ہری اور مدھوسدن چاری کو وزارت میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو جی سکھیندر ریڈی اتوار کو 10:30 بجے صدرنشین کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرینگے۔ کونسل میں ٹی آر ایس کو اکثریت ہے اور مجلس ٹی آر ایس کی حلیف ہے۔ لہٰذا صدرنشین کونسل کا انتخاب بلامقابلہ ہونا یقینی ہے۔ن