واشنگٹن ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ وائٹ ہاویس کے ایک اہلکار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صدر و نائب صدر کا ٹسٹ کیا گیا تھا۔وائٹ ہاویس میں تعینات امریکی فوجی اہلکار کا چہارشنبہ کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔جمعرات کو اوول آفس میں ٹیکساس کے گورنر سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اہلکار اْن سے رابطے میں تھا۔اْن کے بقول، وہ کورونا وائرس سے متاثرہ اہلکار کو اچھی طرح جانتے ہیں، وہ ایک اچھا شخص ہے، اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونا حیران کن ہے۔وائٹ ہاویس کے ترجمان ہوگن گیڈلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کی صحت ٹھیک ہے۔ دونوں شخصیات کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔