انقرہ : ترک میں ایک عدالت نے مشہور صحافی صدف کاباش کو صدر طیب رجب اردوغان کی توہین کے مقدمے میں جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ صدف کاباش کو ایک ایسے قانون کے تحت نشانہ بنایا گیا ہے جس کی بنا پر ہزاروں افراد کے خلاف مقدمے درج کیے جا چکے ہیں۔پولیس نے صدف کاباش کو تقریباً رات دو بجے گرفتار کیا تھا اور انہیں پہلے استنبول کے مرکزی پولیس سٹیشن لے جایا گیا جس کے بعد انہیں شہر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔سی این این نے بتایا ہے کہ سماعت کے دوران عدالت نے ان کی گرفتاری اور جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے۔صدف کاباش پر الزام ہے کہ انہوں نے صدارتی محل سے متعلق ایک کہاوت اپوزیشن کے ٹی وی چینل اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہی جس کے نتیجے میں انہیں حکومتی افسران کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔