تمام تیاریاں مکمل ۔ دنیا بھر سے اہم شخصیات کی شرکت متوقع۔ نئے احکام پر دستخط بھی ہونگے
واشنگٹن : امریکہ میں نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے جب ڈونالڈ ٹرمپ امریکی صدر کی حیثیت سے دوسری معیاد کیلئے کل پیر 20 جنوری کو حلف لیں گے ۔ حلف لینے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ قصر صدارت وائیٹ ہاوز میں بطور 47 ویں امریکی صدر داخل ہونگے ۔ حلف برداری کے دن وہ اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں گے اور اس تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ تقریب حلف برداری میں موسیقی پروگرام بھی ہوگا اور پریڈ کی سلامی بھی لی جائے گی ۔ اس کے علاوہ دیگر تقاریب کا بھی اہتمام رہے گا ۔ حلف برداری کی تقریب امریکی کیپیٹول میں منعقد ہوگی جس میں عالمی تجارتی قائدین جیسے ایلان مسک ‘ جیف بیزوس و دیگر شرکت کرینگے ۔ ہندوستان سے ریلائنس انڈسٹریز کے صدرنشین مکیش امبانی اور ان کی شریک حیات نیتا امبانی بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ تقریب حلف برداری میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن بھی شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ میٹا کے سربراہ مارک زوکر برگ ‘ ایپل کے سی ای او ٹم کوک اور ٹک ٹاک کے سربراہ شو چیو بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ ہندوستانی معیار وقت کے مطابق حلف برداری کی تقریب رات 10.30 بجے شروع ہوگی ۔ ٹرمپ امکان ہے کہ اس موقع پر افتتاحی خطاب بھی کریں گے ۔ یہ تقریر صدارتی ترجیحات کو واضح کرے گی ۔ امریکہ میں خون منجمد کردینے والی سردی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حلف برداری تقریب کو کھلے مقام سے ایک ہال میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ 1985 کے بعد حلف برداری اور دیگر ایونٹس کسی ہال میں منعقد ہونے جا رہی ہیں۔ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدارتی عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن ٹک ٹاک کو عبوری اجازت دیں گے کہ وہ امریکہ میں کام کرسکے ۔ کہا جا رہا ہے کہ امریکہ ٹک ٹاک میں 50 فیصد مالکانہ حقوق بھی حاصل کر سکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹرمپ بحیثیت صدر پہلے دن 100 نئے احکامات پر دستخط کرسکتے ہیں جو دنیا بھر کے امور سے متعلق ہونگے ۔