ماحولیاتی تبدیلی بھی موضوع بحث، امریکی صدر کی میزبانی میں مودی نے کواڈ سمٹ میں بھی شرکت کی
واشنگٹن : امریکی صدر جوزف بائیڈن نے جمعہ کو وائیٹ ہاؤس میں وزیراعظم نریندر مودی کی میزبانی کی۔ دونوں قائدین نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات اس دہے کے نہایت اہم تعلقات میں شمار ہوں گے۔ دونوں قائدین نے کوویڈ ۔ 19 پر بات چیت کی اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا عزم کیا۔ ماحولیاتی تبدیلی کا موضوع بھی زیربحث آیا۔ بائیڈن اور مودی کی میٹنگ میں دونوں طرف سے کئی اہم عہدے دار موجود تھے۔ ہندوستان کی طرف سے وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوال ، معتمد خارجہ ہرش شرنگلا، ہندوستانی قاصد برائے امریکہ ترنجیت سنگھ سندھو و دیگر شریک ہوئے جبکہ میزبانوں کی طرف سے سکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن، خصوصی صدارتی قاصد برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ میٹنگ میں بائیڈن نے کہا کہ انھیں یقین تھا کہ امریکہ۔ ہندوستان تعلقات کئی عالمی چیلنجوں کی یکسوئی میں مدد کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 2006ء میں جب وہ نائب صدر تھے،
انھوں نے کہا تھا کہ 2020ء تک ہندوستان اور امریکہ دنیا میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرنے والے ممالک ہوں گے۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعظم مودی نے صدر بائیڈن کی میزبانی میں پہلی بار کواڈ میٹنگ میں بہ نفیس شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی ویکسین مہم ہند۔ بحرالکاہل اقوام کی بہت مدد کرے گی۔