بورڈ کے اجلاس میں لودھا کمیٹی کی سفارشات میں نرمی پرغور ،منظوری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
ممبئی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کی زیرقیادت بی سی سی آئی کا آج جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا جس میں لودھا کمیٹی کی سفارشات میں نرمی پیدا کرتے ہوئے بورڈ کے عہدیداروں کی سرویس کی میعاد پر پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کو اپنے اس فیصلے کیلئے سپریم کورٹ کی منظوری حاصل کرنی ہوگی۔ سپریم کورٹ نے بورڈ میں انتظامی اصلاحات کیلئے لودھا کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بورڈ نے آج کے اجلاس میں خدمات کی تکمیل پر عہدیداروں کی میعاد میں توسیع کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح 9 ماہ کی میعاد کی تکمیل پر سابق کپتان گنگولی کی میعاد میں توسیع کے لئے راہ ہموار ہوسکے گی۔ بورڈ کے 88 ویں سالانہ عام اجلاس میں کئے گئے اس فیصلے کو سپریم کورٹ سے منظوری کے لئے رجوع کیا جائے گا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ مجوزہ تمام ترمیمات کو اجلاس میں منظور کرلیا گیا ہے۔ موجودہ قواعد کے مطابق کوئی بھی عہدیدار جو دو تا تین سال اپنی خدمات کی میعاد پوری کرتا ہے، اس کو تین سال کا وقفہ گذارنا ضروری ہوتا ہے۔ خواہ وہ بی سی سی آئی میں ہو یا ریاستی اسوسی ایشن ۔ سورو گنگولی نے 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالا اور آئندہ سال عہدہ کی میعاد مکمل ہورہی ہے۔ بورڈ سورو گنگولی کو 2024ء تک اس عہدہ پر برقرار رکھنا چاہتا ہے لیکن لودھا کمیٹی کی سفارشات کے مطابق میعاد میں توسیع کی گنجائش نہیں ہے لہذا بورڈ کے آج منعقدہ اجلاس میں اس پابندی میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس کے لئے سپریم کورٹ کی منظوری ضروری ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ تین سال کی دو میعادوں (6 سال) کی تکمیل پر لازمی وقفہ کی مدت یعنی گوننگ آف مدت پر عمل کیا جائے۔ بورڈ کے اجلاس میں منظورہ ترمیمات کو اگر سپریم کورٹ کی منظوری حاصل ہوتی ہے تو بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کو بھی خدمات میں توسیع مل سکتی ہے جن کے عہدہ کی میعاد کی تکمیل کیلئے ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ بورڈ نے دستوری ترمیمات سے متعلق مستقبل کے فیصلوں کو بھی استثنیٰ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بورڈ نے تجویز پیش کی ہے کہ قطعی فیصلہ کیلئے سالانہ عام اجلاس میں تین چوتھائی اکثریت کافی ہے۔ بورڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہر ترمیم کیلئے سپریم کورٹ کی منظوری عملی طور پر مشکل ہے جو موجودہ قواعد کے مطابق لازمی ہے۔