صدر تلنگانہ بی جے پی رامچندر کی نئی ٹیم کو قطعیت، اہم عہدوں پر 50 قائدین کو جگہ فراہم کرنے کی گنجائش

   

حیدرآباد۔27۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر رامچندر راؤ کی نئی ٹیم کو قطعیت دی جاچکی ہے!ذرائع کے مطابق تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے تنظیمی امور میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے ذریعہ پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں پارٹی کے مرکزی مبصرین نے شہر حیدرآباد میں ملاقات کرتے ہوئے ریاستی کمیٹی کے قائدین کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی صدر مسٹر این رامچندر راؤ سے بھی مشاورت کے عمل کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر کے انتخاب کے بعد پیدا ہونے والے تنازعہ کے بعد رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور پارٹی کی مرکزی قیادت نے راجہ سنگھ کا مکتوب استعفیٰ موصول ہونے کے بعد قبول بھی کرلیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی ریاستی کمیٹی کے اعلان کے متعلق بھی پارٹی کے سرکردہ قائدین تشویش میں مبتلاء ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ ریاستی پارٹی کی کمیٹی کے اعلان کے بعد بھی پارٹی میں ناراضگیوں کا سامنا کرنا کے لئے پارٹی قائدین کو تیار رہنا ہوگا کیونکہ پارٹی کے تمام سرکردہ قائدین ریاستی پارٹی کے تنظیمی عہدوں پر اپنے پسندیدہ کارکنوں کو دیکھنے کی خواہش کر رہے ہیں جبکہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اہم عہدوں پر 50 قائدین کو جگہ فراہم کئے جانے کی گنجائش ہے جبکہ سینکڑوں قائدین ان عہدوں کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ ریاستی پارٹی میں تلنگانہ کے مختلف طبقات بالخصوص بی سی کو دی جانے والی نمائندگی پر گہری توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ مجوزہ پنچایت راج انتخابات میں اس کا فائدہ حاصل کیا جاسکے جبکہ مارواڑی طبقہ بھی ’’گوبیاک ‘‘ تحریک کے پیش نظر تلنگانہ ریاستی بی جے پی میں اپنے حصہ کی بات کر رہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ قومی مبصرین نے ریاستی پارٹی کی تنظیم جدید کے فیصلہ کو قطعیت دینے کے بعد مکمل فہرست قومی تنظمی امورکو جو کہ قومی قائدین سے مشاورت کے بعد جاری کردی جائے گی۔3