صدر تلگودیشم چندرا بابو کا آج دورہ وشاکھاپٹنم

   

پارٹی کی صورتحال کا جائزہ و مستحکم بنانے قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد /9 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ن ریاست میں انتخابات کے بعد اضلاع میں پارٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور پارٹی کو دوبارہ نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کی حکمت عملی کو قطعیت دینے اضلاع کا دورہ کرنے کا پروگرام مرتب کیا ہے ۔ پروگرام کے مطابق وہ 10 اکٹوبر کو وشاکھاپٹنم سے آغاز کریں گے ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ وشاکھاپٹنم ضلع قائدین نے چندرا بابو کے دورہ کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کیا ہے ۔ چندرا بابو دو روزہ دورہ پر 10 اکٹوبر کو بذریعہ طیارہ تقریباً 9 بجے صبح وشاکھاپٹنم پہونچیں گے ۔ جہاں سے انہیں ایک بڑی ریالی کے ذریعہ پارٹی آفس لے جایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوران ضلع میں تین حلقہ جات لوک سبھا کے حدود کے 16 اسمبلی حلقوں میں پارٹی موقف کا علحدہ علحدہ جائزہ لیں گے ۔ اجلاس سے قبل چندرا بابو قائدین و کارکنوں کے ساتھ توسیعی اجلاس سے خطاب کریںگے ۔ بعد ازاں اسمبلی حلقہ جات کے جائزہ اجلاس میں صرف اسی حلقہ اسمبلی کے پارٹی قائدین کو شرکت کی اجازت دی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو اپنے دورہ کے موقع پر ضلع تلگودیشم پارٹی آفس میں ہی قیام کریں گے اور ان کے قیام کے ساتھ ساتھ ان کے دیگر اسٹاف و سیکوریٹی عملہ کیلئے بھی اسی عمارت میں مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔