صدر جموریہ ہند ’ لوک منتھن ‘ کا افتتاح کریں گے

   

گورنر ، چیف منسٹر کی بحیثیت مہمانان شرکت
حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو حیدرآباد میں اپنے قیام کے دوران 22نومبر کو ’لوک منتھن‘ کا افتتاح انجام دیں گی۔ لوک منتھن ۔ بھاگیہ نگر 2024 جو کہ 22نومبر کو شروع ہونے والا ہے اس پروگرام میں مختلف اقوام بالخصوص ماقبل اسلام دور سے تعلق رکھنے والی اقوام سے جڑے افراد جو سورج کی پوجا کرتے ہیں اور یزیدی طبقہ سے تعلق رکھنے والے اپنے تہذیبی پروگرام پیش کریں گے۔ اس پروگرام میں گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی بہ حیثیت مہمانان شرکت کریں گے۔اس پروگرام کے سلسلہ میں منتظمین نے بتایا کہ ہندستان میں موجود مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے گروپس کے درمیان دوریوں کو پاٹنے کے لئے منعقد کئے جانے والے اس پروگرام کے دوران 125 ثقافتی پروگرامس کو شامل کیاے گیا ہے۔ لوک منتھن ۔بھاگیہ نگر 2024 کے سلسلہ میں نمائش کا 21نومبر کو سابق نائب صدر جمہوریہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو افتتاح انجام دیں گے اور اس نمائش کے دوران ہندستانی تہذیب و تمدن میں کاکتیہ ‘ وجیا نگرا کے علاوہ جنا پدا حکومتوں کے حصہ کو نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا۔اس نمائش میں 10 ریاستوں بشمول تلنگانہ کے پویلین شامل ہوں گے جن کے ذریعہ تمام تہذیبوں کو پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اس پروگرام کے دوران ملیالم ‘ کچی پوڈی رقص کے علاوہ کلا سوکرشنی اور جگل بندی کے مظاہرے کئے جائیں گے۔3