حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور اسپیکر لوک سبھا اوم برلا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آج ان کی گرفتاری کے لئے کے سی آر کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ پولیس نے ان کے دستوری اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دورہ کرنے سے روک دیا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی ہے۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی اور گرفتاری کیلئے چیف منسٹر راست طورپر ذمہ دار ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے اشارہ پر انہیں غیر قانونی طریقہ سے حراست میں لیا گیا ۔ کے سی آر کے دباؤ کے تحت پولیس نے گرفتاری عمل میں لائی اور پولیس کا رویہ انتہائی جانبدارانہ ہے ۔ کشن ریڈی باٹا سنگارم میں ڈبل بیڈروم مکانات کے معائنہ کے پروگرام میں شرکت سے روکنے کی تفصیلات مکتوب میں پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو مکانات پر محروس رکھا گیا ۔ صدر جمہوریہ اور اسپیکر لوک سبھا سے کشن ریڈ ی نے مرکزی وزیر و رکن پارلیمنٹ کے مراعات کی خلاف ورزی پر کارروائی کی اپیل کی۔ر