صدر جمہوریہ درودپدی مرمو کی 18 ڈسمبر کو حیدرآباد آمد

   

5دن قیام، چیف سکریٹری شانتی کماری نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے مجوزہ دورہ حیدرآباد کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ باہمی اشتراک اور تال میل کے ذریعہ موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ جائزہ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اپنے سالانہ دورہ کے سلسلہ میں 18 ڈسمبر کو حیدرآباد پہنچیں گی۔ وہ پانچ دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گی اور 23 ڈسمبر کو واپسی ہوںگی۔ پولیس ڈپارٹمنٹ کو مناسب سیکوریٹی اور ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ جات ہیلت، آر اینڈ بی، بلدی نظم و نسق، برقی اور دیگر محکمہ جات کو انتظامات کی ذمہ داریاں دی گئیں۔ اجلاس میں ڈی جی پی روی گپتا، اسپیشل چیف سکریٹری سنیل شرما، سکریٹری جے اے ڈی شیشادری، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔