نئی دہلی سے ورچول شرکت، سوندرا راجن، کشن ریڈی اور محمود علی تقریب میں شامل
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹر پتی نیلائم میں کئی نئی سہولتوںکا افتتاح کیا۔ راشٹر پتی نیلائم بلارم میں اُگادی تقاریب کے موقع پر صدرجمہوریہ نے نئی دہلی سے ورچول موڈ میں شرکت کی اور عوام کو اُگادی کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر راشٹر پتی نیلائم میں کئی ایک نئی سہولتوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، مرکزی وزیر سیاحت وکلچر جی کشن ریڈی، وزیر داخلہ محمد محمود علی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ صدرجمہوریہ نے جئے ہند ریمپ کی بحالی اور تحفظ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ جئے ہند ریمپ تاریخی سیڑھیوں کی باؤلی سے مربوط ہے جس کے ذریعہ راشٹر پتی نیلائم کی آبی ضرورتوں کی تکمیل ہوتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ راشٹر پتی نیلائم اور راشٹر پتی کے قیام سے متعلق مقامات تمام ہندوستانیوں کے ہیں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ملک آزادی کا امرت مہااُتسو منارہا ہے۔ تمام شہری اور خاص طور پر نوجوان نسل کو جدوجہد آزادی اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹر پتی نیلائم میں نالج گیلری قائم کی گئی ہے جس میں جدوجہد آزادی کے مجاہدین کی تفصیلات رہیں گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب راشٹر پتی نیلائم کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ سابق میں عوام صرف گارڈن کا لطف لے سکتے تھے۔ نئی تبدیلی کے تحت عوام راشٹرا پتی نیلائم کی تاریخی عمارت کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ عوام کیلئے یہ سال بھر کھلا رہے گا اور آن لائن سلاٹ بک کرانا ہوگا۔ رجسٹریشن چارجس ہندوستانی شہریوں کیلئے 50 روپئے ہے جبکہ بیرونی شہریوں کیلئے 250 روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ر