نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ 15 اگست 1947 کو ہم نے نو آبادیاتی نظام کی بیڑیاں کاٹ دیں۔ اس دن ہم نے اپنی تقدیر کو ایک نیا روپ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ آج آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ہم آزادی کے متوالوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے ملک کے لیے سب کچھ قربان کر دیا تاکہ ہم آزاد ہندوستان میں رہ سکیں صدر مملکت نے کہا کہ آزادی کے بعد ہماری جمہوریت کی جڑیں گہری اور مضبوط ہو گئی ہیں۔ جب ہندوستان آزاد ہوا تو بہت سے بین الاقوامی رہنماؤں اور مفکرین نے ہمارے جمہوری نظام حکومت کی کامیابی کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا تھا۔ لیکن آج عالمی برادری کو جمہوریت کی حقیقی صلاحیت سے روشناس کرانے کا سہرا ہندوستان کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی حکمرانوں نے برسوں بھارت کا استحصال کیا۔ جس کی وجہ سے ہندوستان کے لوگ غربت اور ناخواندگی سے نبرد آزما تھے۔ ہندوستان کی آزادی ہمارے ساتھ ساتھ دنیا میں جمہوریت کے ہر حامی کے لیے جشن کا موضوع ہے۔