صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی چار روزہ دورہ پر ٹاملناڈو آمد

   

چینائی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو چار روزہ دورہ پرآج ٹاملناڈو پہنچ گئیں۔ دروپدی مرمو خصوصی پرواز سے کوئمبٹور کے سلور ہوائی اڈے پر اتریں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس کے بعد وہ پہاڑی ضلع نیلگیری کے ادگمنڈلم میں واقع گورنر ہاؤس میں رات کے قیام کے لیے روانہ ہوگئیں۔ تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے وہاں ان کا استقبال کیا۔صدر محترمہ 28 نومبر کو ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج ویلنگٹن کے فیکلٹی اور نوآموز افسران سے خطاب کریں گی۔ وہ 29 نومبر کو نیلگیری ضلع کے ادگمنڈلم میں قبائلی خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کے ارکان اور قبائلی برادری کے سرکردہ ارکان سے بات چیت کریں گی۔صدر جمہوریہ کے دفتر سے جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محترمہ مرمو 30 نومبر کو تھرورور میں سنٹرل یونیورسٹی آف تمل ناڈو کے کنووکیشن میں شرکت کریں گی۔ صدر کے دورہ کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔