صدر جمہوریہ عہدے کے لئے سب سے بہتر امیدوار شرد پوار ہی ہیں: سنجے راوت

   

ایودھیا: رام نگری ایودھیا پہنچے شیو سینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے صدر جمہوریہ الیکشن کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو صدر جمہوریہ کے لئے ملک کا سب سے بہتر لیڈر قرار دیا ہے اور شیو سینا کی طرف سے انہیں حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ دن عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے ذریعہ شرد پوار سے ملاقات کئے جانے کو لے کر صحافیوں کے سوال پر سنجے راوت نے کہا، ’شرد پوار ملک کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔ شرد پوار آج اس ملک کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔ شرد پوار آج اس ملک کے سب سے تجربہ کار لیڈر ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ کل 15 جون کو دہلی میں مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے غیر بی جے پی کے اقتدار والے ریاستوں کے لیڈروں کو میٹنگ بلائی ہے۔ شیو سینا کے لیڈر بھی اس میٹنگ میں موجود رہیں گے۔ شرد پوار صدر جمہوریہ عہدے کے لئے اتفاق رائے سے منتخب کئے جاسکتے ہیں۔ سنجے راوت نے کہا، ’ملک کو صدر چاہئے تو شرد پوار ہیں، ربر اسٹیمپ چاہئے تو بہت سے لیڈر ملک میں ہیں‘۔