کاروار، 28 دسمبر (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کے روز کرناٹک کے کاروار بحری اڈے سے ہندوستانی بحریہ کی دیسی ساختہ کالوری کلاس آبدوز آئی این ایس واگھشیر میں سفر کیا۔ ان کے اس سفر کو ہندوستان کی بحری تاریخ میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے ۔ صدر نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی کے ساتھ مغربی ساحل کا دورہ کیا۔مسلح افواج کی سپریم کمانڈر کی حیثیت سے صدر جمہوریہ مرمو کی آبدوز میں موجودگی نے دیسی کاری اور سمندری سلامتی کے تئیں قومی عزم کو اجاگر کیا ہے ۔ یہ آبدوز کا سفر صدر کے گوا، کرناٹک اور جھارکھنڈ کے چار روزہ دورے کا حصہ ہے ۔ مرمو ملک کی دوسری اور پہلی خاتون صدر جمہوریہ ہیں، جنہوں نے آبدوز میں سفر کیا ہے ۔ ان سے قبل اُس وقت کے صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام نے پہلی بار آبدوز میں سفر کر کے فوجیوں میں جوش و جذبہ پیدا کیا تھا۔
