دورہ کے انتظامات مکمل ، سیکوریٹی، ٹریفک اور صحت و صفائی پر چیف سکریٹری کی توجہ
حیدرآباد ۔ 15۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جنوبی ہند میں سرمائی قیام کے تحت 17 تا 21 ڈسمبر حیدرآباد کے راشٹرپتی نیلائم میں قیام کریں گی۔ حکومت نے صدر جمہوریہ کے دورہ کے ضمن میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ حکومت سے وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا کو منسٹر ان ویٹنگ مقرر کیا گیا جو صدر جمہوریہ کی تمام مصروفیات کی نگرانکار ہوں گی۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ راشٹرپتی نیلائم اور اطراف علاقوں میں صحت و صفائی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ راشٹرپتی نیلائم کو خصوصی روشنیوں سے منور کیا جارہا ہے تاکہ صدر جمہوریہ کے قیام کے دوران راشٹرپتی نیلائم توجہ کا مرکز رہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ صدر جمہوریہ کے دورہ کے انتظامات کریں۔ سیکوریٹی انتظامات کے علاوہ ٹریفک کے بآسانی بہاؤ کو یقینی بنانے اور راشٹرپتی نیلائم میں فائر سیفٹی آلات نصب کئے جائیں گے ۔ فائر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فائر ٹنڈرس راشٹرپتی نیلائم میں متعین کئے جائیں گے۔ صدر جمہوریہ کے قیام تک راشٹرپتی نیلائم میں صحت و صفائی کے کاموں اور کچرے کی نکاسی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ محکمہ عمارات و شوارع کو ہدایت دی گئی کہ وہ جی ایچ ایم سی اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اشتراک میں اقدامات کریں۔ سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ جہاں ضرورت ہو رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی تاکہ عام افراد کے راشٹرپتی بھون میں داخلہ کو روکا جاسکے۔ محکمہ برقی کو موثر سربراہی کی ہدایت دی گئی ہے۔ بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے خصوصی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ چیف سکریٹری کے اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری عمارات و شوارع وکاس راج ، اسپیشل چیف سکریٹری ہوم سی وی آنند ، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ گیا کہ صدر جمہوریہ اپنے قیام کے دوران مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تقاریب میں حصہ لیں گی۔1