نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج پنے میں آرمڈ فورسز میڈیکل کالج (AFMC) کو صدر کا رنگ پیش کیا۔ انہوں نے عملی طور پر آرمڈ فورسز سینٹر فار کمپیوٹیشنل میڈیسن ‘پراجنا’ کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اے ایف ایم سی نے طبی تعلیم میں اعلیٰ معیار کے ادارے کے طور پر شہرت حاصل کی ہے ۔ اس انسٹی ٹیوٹ کے فارغ التحصیل افراد نے ہماری قومی سرحدوں کے اندر اور باہر جنگوں، انسداد بغاوت کی کارروائیوں، قدرتی آفات اور وبائی امراض کا سامنا کرتے ہوئے اپنی شاندار خدمات کے ذریعے قوم کا نام روشن کیا ہے ۔مرمو نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اے ایف ایم سی سے گریجویشن کرنے والی بہت سی خواتین کیڈٹس نے آرمڈ فورسز میڈیسن کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور وہ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان سے تحریک لے کر مزید خواتین مسلح افواج میں اپنے کیریئر کا انتخاب کریں گی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج ہم طب کے شعبے میں مصنوعی ذہانت، پریسجن میڈیسن، تھری ڈی پرنٹنگ، ٹیلی میڈیسن اور دیگر ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی طبی خدمات فوجیوں کو بہترین صحت اور جنگ کے لیے ہمہ وقت تیار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس لیے اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہماری تینوں سروسز کے تمام اہلکاروں کا طبی علاج اعلیٰ معیار کا ہو۔