نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سات زمروں میں 17 بچوں کو ان کی غیر معمولی کامیابیوں کیلئے آج وزیر اعظم کے قومی بچوں کے ایوارڈز سے نوازا۔ راشٹرپتی بھون کے کلچرل سنٹر میں منعقدہ تقریب میں مرمو نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک اور سماج کو ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے بچوں کو بتایا کہ انہوں نے غیر معمولی کام کیا اور حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ملک کے بچوں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم سال 2047 میں ہندوستان کی آزادی کا صد سالہ جشن منائیں گے تو یہ ایوارڈ جیتنے والے بچے ملک کے روشن خیال شہری ہوں گے ۔ ایسے باصلاحیت لڑکے اور لڑکیاں ترقی یافتہ ہندوستان کے معمار بنیں گے ۔